سینٹرل مانیٹرنگ پراجیکٹ جون 2026ء تک مکمل کیا جائے: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے نے سینٹرل مانیٹرنگ پراجیکٹ کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ رواں سال جون 2026ء تک مکمل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز (DEMP) کے زیر اہتمام مختلف منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا۔

عطا اللہ تارڑ کو سینٹرل مانیٹرنگ پراجیکٹ اور نیشنل سینٹر آف فلمز (این سی ایف) کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ سینٹرل مانیٹرنگ پروجیکٹ کا آغاز جنوری 2023ء میں ہوا۔

اجلاس میں سینٹرل مانیٹرنگ پراجیکٹ کے دائرہ کار میں توسیع اور ٹیکنالوجی کی بہتری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبہ ہے، اس منصوبے سے بیانیہ سازی سے متعلق رپورٹس مرتب کرنے اور موثر حکمت عملی طے کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس منصوبے سے نجی شعبے کو بھی فائدہ ہوگا جہاں وہ اپنے مواد کا تجزیہ کرنے کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔

انتظامیہ DEMP نے پی سی ون اور منظور شدہ ورک پلان کے مطابق منصوبے کی جون 2026ء تک بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لینے اور کسی بھی رکاوٹ کی بروقت نشاندہی اور ازالے کے لئے باقاعدہ بنیادوں پر جائزہ اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

شرکا کو نیشنل سینٹر آف فلمز (این سی ایف) کے قیام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، نیشنل سینٹر آف فلمز DEMP کے فلم ونگ کی تنظیم نو کے ذریعے قائم کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل فلم پالیسی 2018ء کے آفیشل کسٹوڈین کے طور پر نیشنل سینٹر آف فلمز (این سی ایف) فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے رابطہ و ہم آہنگی یقینی بناتا ہے۔

شرکا کو بتایا گیا کہ پالیسی کے تحت مراعات کے نفاذ میں سہولت کی فراہمی اور منظم روابط، معاہدوں اور عالمی پلیٹ فارمز میں شرکت کے ذریعے پاکستان کی سینما صنعت کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے لئے اقدامات بھی اٹھائے جاتے ہیں۔

شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ فلمی صنعت کی بحالی کیلئے وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے مالی مراعات متعارف کرائی گئی ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سینماٹو گرافک آلات پر استثنیٰ، سینما آپریشنز اور فیچر فلمز کی تیاری کے لئے ٹیکس ریلیف، فلم اینڈ ڈرامہ فنانس فنڈ کے تحت کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی سے منسلک ٹیکس کریڈٹس شامل ہیں۔

شرکا کو بتایا گیا کہ فلم اور ڈرامہ کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لئے متعدد ممالک کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔

اجلاس کو بریف کیا گیا کہ ان مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد مواد کے تبادلے، مشترکہ پروڈکشنز اور بین الاقوامی فلم فیسٹیولز میں شرکت کو فروغ دینا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں