گلگت الیکشن: پنجاب پولیس کے 5 ہزار اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دینگے

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے گلگت بلتستان میں ہونے والے انتخابات کیلئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی جس کے تحت 5 ہزار مرد و خواتین اہلکار عام انتخابات میں سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

آئی جی پنجاب کے حکم پر ایس ایس پی ایم ٹی پنجاب کو مراسلہ بھجوا دیا گیا۔

مراسلے کے مطابق پنجاب پولیس کے آر ایم پی ونگ کے 1500 اہلکار جبکہ پنجاب کانسٹیبلری کے 1242 اہلکار گلگت بلتستان جائیں گے، پنجاب ہائی وے پٹرولنگ ونگ کے 1958 اور لاہور پولیس کی 300 لیڈیز اہلکار بھی ڈیوٹی پر جائیں گے۔

گلگت بلتستان عام انتخابات میں اہلکاروں کو پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کے مناسب انتظام کے ساتھ ریل گاڑی کے سفر کو بھی مد نظر رکھا جائے، نفری کو گلگت بلتستان پہنچانے والی بسوں کے نمبر، ڈرائیورز کے نام اور رابطہ نمبرز آئی جی آفس متعلقہ برانچ کو فراہم کئے جائیں۔

مراسلے میں بسوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں