خیبر پختونخوا حکومت بجٹ کب پیش کرے گی، فیصلہ نہ ہوسکا
پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے نئے مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کے معاملے پر تاحال فیصلہ نہ ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق بجٹ سمیت دیگر معاملات پر وزیر اعلیٰ اور ناراض اراکین میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، بجٹ اجلاس میں ناراض اراکین کی عدم شرکت کا خدشہ تاہم برقرار ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بجٹ پیش کرنے کے لئے صوبائی اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر سے ملتوی کر دیا گیا ہے، اسمبلی اجلاس اب 17جون کو طلب کیا گیا ہے، تاہم حکومت کا ناراض اراکین اور سینئر لیڈرشپ کے ساتھ کئی معاملات پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
مشیر وزیر خزانہ مزمل اسلم نے بتایا ہے کہ محکمہ خزانہ نے پورے سال کا بجٹ تیار کیا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ نے اب تک بجٹ پیش کرنے کے حوالے سے کوئی ہدایت نہیں دی۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے سال کا بجٹ پیش کرنا ہے یا 3 ماہ کا، فیصلہ وزیر اعلی کرینگے۔