جاپان: آن لائن فراڈ سے نمٹنے کیلئے ورچوئل پولیس افسر متعارف
ٹوکیو: (دنیا نیوز) جاپان نے بڑھتے ہوئے آن لائن فراڈ اور سائبر دھوکا دہی کیخلاف آگاہی مہم کے تحت مصنوعی ذہانت پر مبنی ورچوئل پولیس افسر متعارف کرا دی۔
اوساکا پریفیکچرل پولیس کی جانب سے متعارف کرائی گئی اے آئی کو یوٹیوب پر ایک نوجوان خاتون کی شکل اور آواز میں عوام کو مختلف اقسام کے آن لائن فراڈ سے بچاؤ کے طریقے بتاتی ہے، وہ شہریوں کو خبردار کرتی ہے کہ اگر کوئی شخص ویڈیو کال پر خود کو پولیس افسر ظاہر کرے تو اس کے دھوکا باز ہونے کا قوی امکان ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جاپان میں گزشتہ سال سرمایہ کاری، جعلی رومانوی تعلقات، فرضی پولیس افسران اور مشہور شخصیات کے نام پر کیے جانے والے فراڈ کے نتیجے میں شہریوں کو 2 ارب ڈالر سے زائد کا مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
اے آئی کو نام میں ’اے آئی‘ سے مراد مصنوعی ذہانت جبکہ ’کو‘ جاپانی خواتین کے ناموں میں استعمال ہونے والا ایک عام لاحقہ ہے۔
یہ ورچوئل پولیس افسر حقیقی فراڈ کالز اور دھوکا دہی سے متعلق گفتگوؤں کی بنیاد پر تیار کی گئی ویڈیوز کے ذریعے عوام کو آگاہ کرتی ہے کہ فراڈیے کس طرح لوگوں کو اپنے جال میں پھنساتے ہیں اور کن علامات کی مدد سے ایسے فراڈ کی بروقت نشاندہی کی جا سکتی ہے۔