دبئی: ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سیزن 5 کی لانچ تقریب، ایونٹ کا آغاز 22 نومبر سے ہوگا

دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی سیزن 5 کی لانچ تقریب 9 ستمبر کو ہلٹن ہوٹل الحبتور سٹی کے الجود بال روم میں منعقد ہوئی، جس میں لیگ کے نئے سیزن کی تیاریوں، اہم شراکت داروں، کرکٹ اسٹیک ہولڈرز اور لائیو اسپورٹنگ ایونٹس کی یو اے ای میں واپسی کو نمایاں کیا گیا۔

تقریب کے دعوت نامے کے مطابق ایونٹ کا مقصد سیزن 5 کے آغاز کا جشن منانا، کھیل کی نمایاں شخصیات کے ساتھ ملاقات، پینل ڈسکشنز اور نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کرنا تھا۔

آفیشل معلومات کے مطابق ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کا پانچواں سیزن 22 نومبر 2026ء سے شروع ہوگا، جبکہ فائنل 20 دسمبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، 6 ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ مجموعی طور پر 34 میچز پر مشتمل ہوگا اور دبئی، ابوظہبی اور شارجہ کے عالمی معیار کے کرکٹ وینیوز پر کھیلا جائے گا۔

لیگ انتظامیہ نے سیزن 5 سے قبل مائیک فورڈہم کو انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی کا عبوری چیف آپریٹنگ آفیسر مقرر کیا ہے۔

آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے مطابق فورڈہم 2022ء میں ٹورنامنٹ کے آغاز سے لیگ کے ہیڈ آف آپریشنز رہے ہیں اور فوری طور پر سیزن 5 کے انتظامی عمل کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کا ایڈیشن بڑا اور بہتر ہوگا، جبکہ لیگ نوجوان یو اے ای کھلاڑیوں کے لیے بھی اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔

سیزن 5 کی تیاریوں میں عالمی ٹی ٹوئنٹی اسٹارز کی شمولیت بھی خاص اہمیت رکھتی ہے، لیگ کے مطابق ڈیوڈ ملر، فن ایلن، ہینرک کلاسن اور مارکس اسٹوئنس سمیت بڑے نام پری آکشن سائننگز کا حصہ بن چکے ہیں، جبکہ راشد خان، نکولس پورن، سنیل نارائن، جیسن ہولڈر، سکندر رضا اور دیگر معروف کھلاڑی بھی اپنی فرنچائزز کے ساتھ واپس آئیں گے، پلیئر آکشن یکم اکتوبر 2026ء کو دبئی میں ہوگا، جس کے بعد ٹیمیں اپنے اسکواڈز مکمل کریں گی۔

یہ لانچ تقریب یو اے ای کے اسپورٹس کیلنڈر میں آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے، ڈی پی ورلڈ، زی براڈکاسٹ پارٹنر، اسپورٹ فائیو، وزٹ دبئی اور امارات کرکٹ بورڈ جیسے شراکت داروں کی موجودگی کے ساتھ یہ لیگ نہ صرف مقامی کرکٹ کے فروغ بلکہ عالمی سطح پر یو اے ای کو بڑے کرکٹ ایونٹس کے مرکز کے طور پر مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...