پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند، سمگلنگ روکنے کیلئے کڑی نگرانی کا حکم
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں آٹے کی فراہمی کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کرنے اور مارکیٹ میں صرف 10 کلو آٹے کا بیگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گندم اور آٹے کی سمگلنگ روکنے کے لیے بین الصوبائی سرحدوں کی کڑی نگرانی کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے متعلقہ اضلاع میں گندم کی بوائی کے مقررہ اہداف پورے کرنے اور سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے فیصلہ کیا کہ نمبردار، گھوڑی پال سکیم اور ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ سکیم کے تحت آنے والی تمام اراضی پر گندم ہی کاشت کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے رمضان المبارک کے دوران کیلا، سیب اور کھجور کنٹرول نرخوں پر دستیاب رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر ڈپٹی کمشنر اپنے علاقے میں کولڈ سٹوریج کی گنجائش اور ضرورت کے مطابق ان پھلوں کا ذخیرہ یقینی بنائے گا۔
مریم نواز شریف کو سبزیوں، دالوں اور دیگر اجناس سمیت 15 اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ ’’ٹرانسفارمنگ مارکیٹ ویسٹ ان ٹو ویلتھ‘‘ منصوبہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پامرا کے تحت آف سیزن سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ڈی ہائیڈریشن منصوبے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں کاہنہ میں سبزیوں اور پھلوں کے لیے پنجاب کے پہلے منڈی مارٹ منصوبے پر کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں منڈی مارٹس قائم کرنے کے لیے بھی ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے کھلے دودھ کی فروخت کو ریگولیٹ کرنے اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی، حکومتی اقدامات کا مقصد اشیائے خورونوش کی دستیابی، قیمتوں کے استحکام، زرعی پیداوار میں اضافے اور غذائی اجناس کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام سے متعلق انتظامات کو مؤثر بنانا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments