وزیراعظم بجلی کی لوڈشیڈنگ پر برہم، 2 گھنٹے سے زائد نہ کرنے کا حکم

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

 وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں مختلف شہروں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے بجلی کی غیر معمولی لوڈشیڈنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق اجلاس میں خطے کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں آر ایل این جی کی فراہمی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہوئی جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار میں کمی آئی۔

حکام کا کہنا تھا کہ آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہونے کے باعث طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ رہی ہے۔

شہباز شریف نے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کرنے اور بجلی کی پیداوار و ترسیل کے لیے دستیاب تمام وسائل مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے ڈسکوز کی سطح پر کنزیومر گریوینس ریڈریسل کمیٹیاں قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شکایات کے ازالے کے لیے قائم کمیٹیوں میں عوامی نمائندگی بھی یقینی بنائی جائے اور تمام گریونس ریڈریسل کمیٹیوں کو ایک ہفتے کے اندر فعال کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...