آزاد کشمیر میں 27 اکتوبر یوم سیاہ، بھارتی قبضے کے خلاف احتجاجی ریلی
مظفرآباد (محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر میں 27 اکتوبر 1947 کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی آمد اور بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔
اس سلسلے میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام احتجاجی جلسے اور بھارت مخالف ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی، سیاسی رہنماؤں، حریت کانفرنس کے قائدین، مہاجرین، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
احتجاجی ریلی برہان وانی چوک سے شروع ہوئی اور اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کے دفتر کے باہر اختتام پذیر ہوئی، اس موقع پر اقوام متحدہ کے نمائندوں کو ایک یادداشت پیش کی گئی، جس میں مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے مطالبے کو اجاگر کیا گیا۔
احتجاجی جلسے سے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی، وزیر توانائی و آبی وسائل راجا ثاقب مجید، کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق کنوینئر محمود ساگر، سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
.jpg)
مقررین نے تحریک آزادی کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور آزادی کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
مقررین نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیری تاریخ کا سیاہ دن ہے، جب بھارت نے جموں و کشمیر میں فوج داخل کرکے اپنے قبضے کی بنیاد رکھی، کشمیری عوام ہر سال اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں اور اس موقع پر اپنے حق خودارادیت کے حصول کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات اور مبینہ مظالم کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ آزادی ماند نہیں پڑا، تحریک آزادی کے دوران کشمیریوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کرتے رہے ہیں، پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔
مقررین نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا، انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
انہوں نے بھارت پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
مقررین نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہوگا۔
تقریب میں مقبوضہ جموں و کشمیر سے آزاد کشمیر آنے والے مہاجرین، طلبہ، سرکاری ملازمین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکا نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتے ہوئے تحریک آزادی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments