انڈر 19 ورلڈ کپ، سکاٹ لینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے 188 رنز کا ہدف
ہرارے : (دنیا نیوز) آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے بارہویں میچ میں سکاٹ لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 188 رنز کا ہدف دے دیا۔
ہرارے کے تاکاشنگا سپورٹس کلب میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سکاٹش ٹیم 48.1 اوورز میں 187 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔
سکاٹ لینڈ کی جانب سے اوپنر بلے باز تھیو روبنسن 4 رنز، روری گرانٹ 21، فنلے کارٹر 12 اور ماکس چیپلین 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اولی جونز نے 36 رنز سکور کئے جبکہ کپتان تھومس نائٹ 37، فینلے جونز 33 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا نے 4 اور مومن قمر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹاس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے سکاٹش کپتان تھامس نائٹ کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنا چاہتے تھے لیکن اگر ہم ابتدائی ایک گھنٹہ احتیاط سے گزار لیں تو اس پچ پر رنز بنائے جا سکتے ہیں۔
پاکستان ٹیم میں آج کے میچ کیلئے دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد شایان اور عمر زیب کی جگہ علی حسن بلوچ اور محمد صیام کو شامل کیا گیا ہے۔