ڈیلی الاؤنس کی عدم ادائیگی، قومی ہاکی کھلاڑیوں کا کیمپ کے بائیکاٹ کا اعلان

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ہاکی کھلاڑیوں کے ڈیلی الاؤنس کا معاملہ، پاکستان ہاکی کھلاڑیوں نے ڈیلی الاؤنس کی عدم ادائیگی پر کیمپ کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

ذرائع کے مطابق ڈیلی الاؤنس کا معاملہ حل نہ ہونے پر قومی ہاکی کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

قومی ہاکی کھلاڑی آج شام سے ٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیں گے، پی ایچ ایف کی جانب سے 23 جنوری تک  ڈیلیز  ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق ڈیڈ لائن کے روز فیڈریشن نے ادائیگی میں مزید ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی، فیڈریشن کا پیغام مینجمنٹ کے ذریعے کھلاڑیوں تک پہنچایا گیا۔

ادائیگی میں مزید تاخیر پر کھلاڑیوں نے اجتماعی طور پر کیمپ بائیکاٹ کا فیصلہ کیا، کیمپ میں شامل تمام قومی ہاکی کھلاڑی بائیکاٹ میں شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف پر بنگلادیش سیریز کی ڈیلیز کی ادائیگی تاحال واجب الادا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ٹریننگ کیمپ کے بائیکاٹ پر پی ایچ ایف آفیشلز نے کھلاڑیوں کو ملاقات کے لیے بلا لیا، کھلاڑیوں سے ملاقات میں ڈیلی الاؤنس کے معاملے پر بات چیت ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں