ایف بی آر کے 50 فیصد ملازمین کو ’ورک فرام ہوم‘ کی اجازت

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم کے کفایت شعاری اقدامات پر ایف بی آر میں عملدرآمد شروع کردیا گیا۔

ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں سٹاف روٹیشن پالیسی نافذ کر دی گئی، گریڈ 1 سے 16 تک ملازمین کے لیے روٹیشن سسٹم لاگو ہوگا، دفاتر میں ایک وقت میں 50 فیصد سے زیادہ عملہ موجود نہیں ہوگا۔

ترجمان ایف بی آر کا کہنا تھا کہ تمام ونگز ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں، سٹاف روٹیشن میں تبدیلی ونگ ہیڈ کی منظوری سے ممکن ہوگی، انتظامی ونگ کو ہر تبدیلی سے آگاہ کرنا لازمی قرار دیا گیا۔

دوسری جانب ایف بی آر نے نئی گاڑیوں اور سامان کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی جب کہ دفاتر میں 60 فیصد سرکاری گاڑیاں فوری پارک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایف بی آر نے 50 فیصد ملازمین کو ’ورک فرام ہوم‘ کی اجازت دے دی، ایف بی آر میں ایندھن کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا، بی ایس 20 اور اس سے اوپر افسران سے دو دن کی تنخواہ رضاکارانہ طور پر دینے کی اپیل کی ہے۔

علاوہ ازیں ایف بی آر میں نان ای آر ای بجٹ میں 20 فیصد کمی اور سرکاری گاڑیوں کی رفتار مقررہ حد کے مطابق رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کی ہفتہ وار رپورٹ طلب کرلی گئی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ایف بی آر دفاتر کو کمیٹی کے احکامات فوری نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی قائم کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں