وزیر خزانہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف اجلاسوں میں شرکت کیلئے امریکہ روانہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) محمد اورنگزیب ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے اجلاسوں میں شرکت کیلئے امریکہ روانہ ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 13 سے 18 اپریل تک واشنگٹن میں منعقد ہوں گے، جہاں وزیر خزانہ 50 سے زائد اہم اجلاسوں اور ملاقاتوں میں شرکت کریں گے۔

دورے کے دوران وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں شیڈول ہیں، جبکہ وہ عالمی مالیاتی رہنماؤں اور پالیسی سازوں سے بھی اہم ملاقاتیں کریں گے،تاہم بوسٹن میں ہارورڈ یونیورسٹی کی پاکستان کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی اداروں، بڑی کمپنیوں کے نمائندوں اور امریکی حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جبکہ تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر سے بھی ملاقات ہوگی، چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور برطانیہ کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں طے ہیں۔

وزیر خزانہ جی-24 اور کلائمیٹ فنانس فورمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جبکہ بی آئی ایس پی کے ڈیجیٹل نظام کو ورلڈ بینک اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور سرمایہ کاری فورمز میں پاکستان کے معاشی مواقع اجاگر کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس پر خصوصی تقریب بھی واشنگٹن میں منعقد ہوگی، جبکہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں فچ، موڈیز اور ایس اینڈ پی سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

مزید برآں، وزیر خزانہ اٹلانٹک کونسل سمیت دیگر تھنک ٹینکس سے خطاب کریں گے اور یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے اراکین اور اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے، یہ دورہ پاکستان کی معاشی سفارتکاری اور عالمی شراکت داری کے فروغ کیلئے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں