ساف ویمنز فٹسال چیمپئن شپ: بنگلادیش نے پاکستان کو ہرا کر شکست کا بدلہ لے لیا

بنکاک: (ویب ڈیسک) ساف ویمنز فٹسال چیمپئن شپ میں بنگلادیش نے پاکستان سے اپنی شکست کا بدلہ لے لیا۔

بنکاک میں کھیلے جارہے ساف ویمنز فٹسال چیمپئن شپ 2026 میں بنگلادیش نے پاکستان کو تختہ مشق بناتے ہوئے 1-9 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن کے تحت 7 ممالک کے درمیان جاری ساف ویمنز فٹسال چیمپئن شپ میں پاکستان کو اپنے آخری چھٹے میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

فاتح ٹیم نے تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 9 گول کیے جبکہ پاکستان صرف ایک مرتبہ گیند کو جال میں پہنچانے میں کامیاب رہا۔

پاکستان نے چیمپئن شپ کے اپنے 6 میچز میں سے 2 میں فتح حاصل کی، ایک مقابلہ ڈرا ہوا جبکہ 3 میچز میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان نے مجموعی طور پر 12 گول داغے جبکہ اس کے خلاف 27 گول ہوئے، پاکستان نے اپنے تمام 6 میچز میں 7 پوائنٹس جوڑے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز ساف مینز فٹسال چیمپئن شپ میں اپنے پانچویں میچ میں بنگلادیش کو 1-5 سے قابو کیا تھا۔

پوائنٹس ٹیبل پر 10پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر براجمان پاکستان نے اب تک اپنے تین میچز جیتے، ایک ہارا اور ایک برابر رہا، پاکستان اپنے آخری میچ میں پیر کو بھارت سے ٹکرائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں