ٹی 20 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے یو اے ای کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا
چنئی: (دنیا نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ کے 11ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے یو اے ای کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
چنئی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے یو اے ای کی جانب سے دیا جانے والا 174 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔
کیویز کی جانب سے ٹم سائفرٹ 42 گیندوں پر 89 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، فن ایلن نے بھی 84 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔
یو اے ای کے بولرز نیوزی لینڈ کے آگے بے بس نظر آئے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
قبل ازیں یو اے ای نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے تھے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا تھا۔
کپتان محمد وسیم کی 66 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، علیشان شرفو نے 55 رنز بنائے، ماینک کمار 21 رنز بناسکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے دو کھلاڑیون کو آؤٹ کیا، جیکب ڈفی، لوکی فرگیوسن اور مچل سینٹنر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔