آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کیلئے پاکستانی سکواڈ کا اعلان

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

منیبہ علی ٹیم کی قیادت کریں گی جبکہ بلے باز عائشہ ظفر نائب کپتان ہوں گی۔

ایشین گیمز میں برونز میڈل جیتنے والی پاکستان ٹیم کی 12 کھلاڑیوں نے سکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔

اعلان کردہ سکواڈ میں ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، صدف شمس، سائرہ جبین اور شوال ذوالفقار شامل ہیں۔ سپنرز نشرہ سندھو، مومنہ ریاست، طوبہ حسن اور ام ہانی بھی ٹیم کا حصہ ہیں، جبکہ فاسٹ باؤلرز وحیدہ اختر اور تسمیہ رباب کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

دس ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کی امارت اجمان میں کھیلی جائے گی۔

پاکستان کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں ہر ٹیم چار میچز کھیلے گی۔ ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں جگہ بنائیں گی، جہاں ہر ٹیم تین میچز کھیلے گی۔ سپر سکس مرحلے کی ٹاپ دو ٹیمیں 26 نومبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 7 سے 9 نومبر تک لاہور میں منعقد ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...