وفاقی وزیر داخلہ کا پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ، صورتحال پر برہم

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا، شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس میں موجود سائلین سے ملاقات کی اور مسائل پوچھے، سائلین عملے کے رویے اور رشوت کی شکایات کرتے ہوئے پھٹ پڑے۔

شہریوں نے محسن نقوی کو بتایا کہ پاسپورٹ آفس کی دیواریں بھی پیسے مانگتی ہیں اور پیسے دیں تو پاسپورٹ کو پہیے لگ جاتے ہیں، گارڈ سے لیکر عملے تک ہر کوئی پیسے مانگتا ہے، پاسپورٹ آفس کا گیٹ کراس کرنے پر بھی   ٹیکس   ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبا کیلئے لائسنس کا اجرا کر رہے ہیں: محسن نقوی

سائلین نے پاسپورٹ بنوانے کے لئے ایجنٹ مافیا کو رقم دینے کے ثبوت بھی دکھائے۔

وفاقی وزیر داخلہ پاسپورٹ آفس کے حالات دیکھ کر برہم ہوگئے اور کہا کہ عملے کی ملی بھگت کے بغیر پیسے لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انہوں نے ڈائریکٹر سے استفسار کیا کہ یہ کیا ہو رہا ہے، ہر کوئی ایجنٹ اور عملے کی جانب سے پیسے لینے کی شکایت کر رہا ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر و اسسٹنٹ ڈائریکٹر کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے جس پر وفاقی وزیر داخلہ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹا دیا اور ان کیخلاف فوری طور پر محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ میں یہاں شہریوں کیلئے آیا تاکہ عوام کی شکایات کا ازالہ ہو سکے، شہریوں کو سہولت دینا ہماری ذمہ داری ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں