مارگلہ ایکسپریس وے کو موٹر وے سے منسلک کرنیکا منصوبہ شروع کر دیا، محسن نقوی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مارگلہ ایکسپریس وے کو موٹر وے سے منسلک کرنیکا منصوبہ شروع کر دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سی ڈی اے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے مارگلہ کی پہاڑیوں کے بارے میں سوچا ہے، اُمید ہے ان ہزاروں پراجیکٹس کی طرح نہیں ہوگا جن کا لانچ کے بعد کچھ پتہ نہیں ہوتا۔

محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ ہفتوں میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ لگنے کے کئی واقعات ہوئے، چند افراد کو پکڑا بھی گیا، حیران ہوں کہ وہ ایسا کیوں کرتے تھے، عید پر پہلی دفعہ اسلام آباد کے شہریوں کو بیگز تقسیم کیے گئے، 3 روز دن رات کام کرکے ریکارڈ گند اٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یقین دلا سکتا ہوں سی ڈی اے ٹیم آنے والے مہینوں میں بڑی تبدیلی لائے گی، ایف 8 اور ایف 9 کے درمیان فلائی اوور پر کام شروع ہوگا، سیرینا چوک میں بھی انڈر پاس بنایا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں 57 فیصد کرائم نیچے آیا ہے، اسلام آباد ایکسپریس وے میرے بچپن میں بھی بن رہی تھی، آج بھی بن رہی ہے، اسلام آباد ایکسپریس وے کو اگست، ستمبرتک مکمل کر لیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں