وزارت انسداد منشیات ملک میں نشے کے شکار افراد کے اعدادوشمار سے لاعلم
اسلام آباد: (عادل تنولی) وزارت انسداد منشیات ملک میں نشے کے شکار افراد کے اعدادوشمار سے لاعلم نکلی۔
وزارت انسداد منشیات نے قومی اسمبلی میں گزشتہ 12 سال سے سروے نہ ہونے کا اعتراف کرلیا، وزارت کے مطابق منشیات کے اعدادوشمار کے حوالے سے آخری سروے 2013 میں ہوا۔
آخری سروے کے مطابق ملک میں 15 سال سے بڑے نشے کے عادی افراد کی تعداد 67لاکھ سے زائد تھی ، ان میں ایسے افراد بھی شامل تھے جو ذہنی تسکین کے لیے ڈاکٹر کی ہدایت کے بغیر ممنوعہ ادویات لیتے ہیں ۔
وزارت انسدادمنشیات نے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا کہ سال 2024 میں کوئی سروے نہیں ہوا ،توقع ہے شماریات بیورو اس سال سروے کرے گا ۔
جواب میں مزید کہا گیا کہ اے این ایف نے گزشتہ سال آپریشنز میں 267 افراد کو گرفتار کر کے 739.633 کلو منشیات ضبط کی ، گزشتہ سال کے دوران تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف 302 کاروائیاں کی گئیں ۔