عمران خان کے ساتھ جیل میں غیر انسانی سلوک ہو رہا ہے: سہیل آفریدی
پشاور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ جیل میں غیر انسانی سلوک ہو رہا ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں کابینہ کے47 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ڈاکٹرز اور فیملی تک رسائی نہ دینا آئین اور قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے آنکھ کا آپریشن کرنا پڑا تو اس کا مطلب ہے جیل میں غیرانسانی سلوک ہو رہا ہے، خیبرپختونخوا کی حکومت بانی پی ٹی آئی کے مینڈیٹ سے بنی ہے اور اُن کے ساتھ ہونے والے ظلم کی مذمت کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع خیبر میں دہشتگردی سے متاثرہ تباہ شدہ تعلیمی اداروں کی بحالی کیلئے تاریخی اقدام
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ بانی پی ٹی آئی سے فوری طور پر اہل خانہ اور ڈاکٹرز کی ملاقات کا مطالبہ کرتی ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت پرابہام ختم کرنا ریاست اور وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، آٹھ فروری کو ملک بھر میں عوامی احتجاج کامیاب رہا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کےمنتخب نمائندوں پر پولیس تشدد جمہوریت پر حملہ ہے، کراچی میں سابق ایم این اے اور ایم پی ایز پر تشدد کی تصاویر انتہائی دردناک ہیں، علی زمان کواڈیالہ جیل کے باہر سے اٹھا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سادہ کپڑوں میں تشدد کرنے والے عناصر دہشت گردی کے زمرے میں آتے ہیں، علی زمان اور اُن کے ساتھی پر تشدد کرنے والوں کو قانون کےکٹہرے میں لایا جائے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے تمام سیکرٹریز،وزراء، ڈی جیزاورضلعی انتظامیہ کو ہفتہ وار کھلی کچہری کے انعقاد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن کھلی کچہری کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ایک سیشن مکمل ہوچکا ہے، صوبائی سطح پر کم از کم ہفتے میں ایک آن لائن کھلی کچہری لازمی ہوگی، آن لائن کھلی کچہری عوام اور حکومت کے درمیان فاصلے کم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ وسائل یا رسائی کی کمی کے باعث عوام اب گھروں سے اپنی آواز حکام تک پہنچا سکیں گے، کھلی کچہری کے ذریعےعوامی مسائل گھر بیٹھے حل کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اے ڈی پی 2026-27 پندرہ فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، اُمید ہے کام مکمل ہوچکا ہو گا۔
اُنہوں نے کہا کہ اے ڈی پی 2026-27 پر بریفنگ کاآغاز اِسی ماہ کیا جائے گا، انہوں نے اے ڈی پی 2025-26 پر کام کی سست روی پر برہمی کااظہار کیا اور تمام منصوبوں کو اِسی ماہ فاسٹ ٹریک پر ڈالنےکی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے تمام لوازمات فوری مکمل کئے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف ملنا شروع ہو جائے، ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات اگلے مہینے سے عوام تک پہنچنے چاہئیں۔