سٹار شپ راکٹ 2026 کے آخر میں مریخ کیلئے روانہ ہوگا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) اسٹار شپ راکٹ اگلے سال کے آخر میں مریخ کیلئے روانہ ہوگا، جس میں انسان نما روبوٹ آپٹیمس جائیں گے۔
سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے کہا ہے کہ ان کا بڑا سٹار شپ راکٹ 2026 کے آخر میں مریخ کیلئے روانہ ہوگا، جس میں ٹیسلا کے انسان نما روبوٹ آپٹیمس سوار ہوں گے، جبکہ انسانوں کیلئے پہلی پرواز 2029 تک ممکن ہو سکتی ہے۔
ایلون مسک نے اپنے ’ایکس‘ سوشل نیٹ ورک پر کہا کہ اگر یہ لینڈنگ کامیابی سے مکمل ہوگئی تو 2029 تک انسانی لینڈنگ شروع ہو سکتی ہے، حالانکہ 2031 میں انسانوں کی مریخ پر لینڈنگ کا زیادہ امکان ہے۔
ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے گزشتہ سال ایک تقریب میں کمپنی کے آپٹیمس روبوٹس متعارف کروائے تھے، انہوں نے کہا تھا کہ رقص کرنے والے روبوٹ ایک دن معمولی کام کرنے کے ساتھ ساتھ دوستی کی پیشکش بھی کر سکیں گے اور توقع ہے کہ وہ 20 ہزار سے 30 ہزار ڈالر میں فروخت کئے جائیں گے۔
دنیا کا سب سے بڑا اور طاقتور ترین راکٹ اسٹار شپ مسک کے مریخ پر نوآبادیات کے طویل مدتی وژن کی کلید ہے، 403 فٹ لمبے ( مجسمہ آزادی سے تقریباً 100 فٹ بلند) اسٹار شپ کو آخر کار مکمل طور پر دوبارہ قابل استعمال بنانے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ناسا اپنے آرٹیمس پروگرام کیلئے اسٹار شپ کے ترمیم شدہ ورژن کا بھی انتظار کر رہا ہے، جس کا مقصد رواں دہائی میں خلابازوں کو چاند پر واپس بھیجنا ہے۔