بھارت میں لوگوں نے خوشی خوشی گندے نالے میں چھلانگ لگا دی

مہاراشٹر: (ویب ڈیسک) بھارت میں لوگوں کی بڑی تعداد نے خوشی خوشی گندے نالے میں چھلانگ لگائی جس کی دلچسپ وجہ سامنے آئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے سانگلی ضلع میں دراصل بدبودار امبا بائی نالے میں لوگوں نے جب نوٹوں کے بنڈل بہتے دیکھے تو ان کی آنکھوں میں چمک اٹھی، لوگوں نے 500 روپے کے بے شمار نوٹوں کے بنڈل حاصل کرنے کیلئے گندے نالے میں چھلانگ لگائی اور تقریباً ڈھائی لاکھ روپے لوٹ کر خوشی خوشی باہر آگئے۔

لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں نوٹوں کے یہ بنڈل نالے میں کس نے ڈال دیئے؟

جب پولیس کو اس واقعے کی اطلاع ملی کے لوگ نالے سے 500، 500 روپے کے نوٹ والے بنڈلز لے کر جا رہے ہیں تو وہ موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے لوگوں سے نوٹوں کے بنڈل چھین لئے اور اس بات کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ ڈھائی لاکھ روپے نالے کی نذر کس نے اور کیوں کئے؟

قانون نافذ کرنے والے ادارے نے نالے کے اطراف لوگوں سے پوچھ گچھ شروع کر دی اور سی سی ٹی وی کی فوٹیجز کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں