تائیوان میں سمندری طوفان گیمی سے تباہی، کارگو جہازڈوب گیا

منیلا: (ویب ڈیسک) سمندری طوفان گیمی فلپائن کے بعد 240 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار کی ہواؤں سے تائیوان کے شمال مشرقی ساحل سے ٹکراگیا، طوفان نے تائیوان میں تباہی مچادی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے ٹکرانے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ، بارشوں اور تیز ہواؤں سے مختلف حادثات میں اب تک  3  افراد ہلاک اور 266 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں 2 لاکھ 90 ہزار سے زیادہ صارفین بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ طوفان سے قبل ساحلی علاقوں سے 8 ہزار سے زائد افراد کا انخلا کرالیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ٹرینیں اور فیری سروس معطل ہے جبکہ سیکڑوں پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق تائیوان کے سمندر میں تنزانیہ کے پرچم والا کارگو جہاز ڈوب گیا، جہاز ڈوبنے سے عملے کے 9 افراد لاپتہ ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تائیوان کی نیشنل فائر ایجنسی کے سربراہ شاؤ ہوانگ چھاؤ نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ طوفان گیمی کے تناظر میں موسم نے ریسکیو ایلکاروں کو ملاحوں تک پہنچنے سے روک دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاح سمندر میں گرے اور وہیں تیر رہے تھے، امدادی کارکنوں نے ان کی مدد کے لیے قریبی تائیوان کے کارگو جہاز سے رابطہ کیا۔

ایجنسی کے ایک اور اہلکار نے بریفنگ کے بعد خبررساں ادارے کو بتایا  کہ ملاح لاپتا ہیں اور جب موسم اجازت دے گا، ہم فوری طور پر بحری جہاز یا ہیلی کاپٹر کو ریسکیو کے لیے روانہ کریں گے لیکن فی الحال یہ ممکن نہیں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بحری جہاز کے ڈوبنے کی خبر بدھ کی رات تائیوان میں 190 کلومیٹر (118 میل) فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ٹائفون گیمی کی شدت کے عروج پر پہنچنے کے بعد سامنے آئی ہے۔

سمندری طوفان گیمی کو 8 برس میں تائیوان کا سب سے طاقتور طوفان کہا جا رہا ہے، طوفان گیمی کے اب چین کے صوبے زنجیانگ اور فوجیان سے ٹکرانے کا امکان ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں