21 اور 22 جولائی مسلسل تاریخ کے گرم ترین دن ریکارڈ

لندن: (ویب ڈیسک) رواں برس جولائی کے 2 روز مسلسل تاریخ کے گرم ترین دن ریکارڈ کئے گئے۔

یورپی یونین مانیٹر نگ ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس 21 اور 22 جولائی تاریخ کے گرم ترین دن ریکارڈ کئے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں گرمی کی لہر بحیرہ روم، روس اور کینیڈا کے کچھ حصوں میں لگنے والی آگ نے عالمی سطح پر ہوا کا اوسط درجہ حرارت کو 22 جولائی (پیر) کو 17.15 ڈگری سیلسیس (62.87 ڈگری فارن ہائیٹ) تک پہنچا دیا۔

یورپی یونین کی کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے مطابق 22 جولائی کا درجہ حرارت اتوار 21 جولائی سے 0.06C (0.11F) زیادہ تھا، گزشتہ سال جولائی میں 17.08 ڈگری سیلسیس یعنی 62.74 فارن ہائیٹ گرمی ریکارڈ کی گئی تھی تاہم اس سال کی گرمی نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔

1940 سے موسمیاتی اعداد و شمار ریکارڈ کرنے والی کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے مطابق یومیہ درجہ حرارت کا اوسط ریکارڈ اس سال اتوار 21 جولائی کو ٹوٹ گیا تھا۔

یاد رہے کہ آخری بار دنیا کا گرم ترین دن جولائی 2023 میں ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ سائنس دانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران 22 جولائی کا ریکارڈ ایک بار پھر ٹوٹ سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں