پنجاب اسمبلی کے باہر پی ٹی آئی کارکن نے کامیڈین طاہر انجم کی درگت بنادی

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے باہر پی ٹی آئی کی کارکن انیلا عرف نیلی پری نے ن لیگ کلچرل ونگ کے رہنما طاہر انجم کی پٹائی کردی۔

دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کارکن انیلا عرف نیلی پری نے بھوک ہڑتالی کیمپ کے باہر ن لیگی رہنما اور کامیڈین طاہر انجم کو پکڑا اور ان پر مکے برساتی رہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب اسمبلی کے داخلی دروازے پر پی ٹی آئی نے بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا ہوا تھا، دوسری جانب طاہر انجم پر الزام لگایا گیا کہ وہ اپنی گاڑی میں بیٹھ کر ویڈیو بنا رہے تھے، ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دھرنے پر بیٹھی انیلاعرف نیلی پری کی نظر طاہر انجم پر پڑی تو وہ ان کے پاس گئیں اور ان کی پٹائی کرنا شروع کردی۔

پی ٹی آئی کارکنان نے انیلا کو ہٹانے کی کوشش کی لیکن انہوں نے کسی کی نہ سنی اور طاہر انجم کو زدوکوب کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

انیلا عرف نیلی پری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کہنے پر طاہر انجم بانی پی ٹی آئی کے خلاف ویڈیوز بناتا ہے۔

طاہر انجم کا کہنا تھا کہ میں فنکار ہوں اور مسلم لیگ ن کلچرل ونگ کا سربراہ ہوں، میری پٹائی کی گئی اور کپڑے پھاڑ دیے گئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں