مغرب کنارے اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے امریکی خاتون ہلاک
غزہ: (دنیا نیوز) مقبوضہ مغربی کنارے میں ناجائز یہودی بستیوں کے خلاف احتجاج میں شامل ہونے والی امریکی خاتون کو بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔
فلسطینی اتھارٹی کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ مغربی کنارے میں پیش آیا، دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اس واقعہ پر فوری طور پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے صرف اتنا کہا ہے کہ ہم معاملے کو دیکھ رہے ہیں، ادھر اسرائیل میں موجود امریکی سفارت خانے نے بھی اس بارے میں ابھی کوئی بات نہیں کی۔
مغربی کنارے کے شہر نابلس میں رفیدیا ہسپتال کے سربراہ فواد نافع نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اس زخمی خاتون کو بہت نازک حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا، اس کے سر میں زخم تھا، ہسپتال کے سربراہ نے مزید کہا ہم نے اسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی اور سرجری بھی کی لیکن بدقسمتی سے ہم ان کی جان نہ بچا سکے۔