مشرق وسطیٰ کے پورے خطے میں طبل جنگ بجنے والا ہے: یورپی یونین نے خبردار کردیا
بیروت: (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ سرحدوں سے باہر پھیلنے لگی ہے اور اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ کا خطرہ موجود ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے لبنان کے وزیر خارجہ عبداللہ بوحبیب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران خطے میں کشیدگی کو کم کرنے پر زور دیا ہے، انہوں نے غزہ میں جنگ کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی ممالک کو غزہ کی جنگ جاری رہنے کے باعث خطے میں انسانی مصائب کے پھیلاؤ پر تشویش ہے، غزہ میں شہریوں کے قتل کی مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے جنگ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے لبنان اور اس کے عوام کے لیے بڑے منفی نتائج سامنے آئے ہیں، انہوں نے نشاندہی کی کہ جنگ نے جنوبی لبنان میں بلیو لائن کے علاقے میں ہزاروں شہریوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا۔
انہوں نے تمام لبنانی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ کسی جماعت کے مفاد کے بجائے عوام کے مفاد میں کام کریں۔
لبنانی وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پرعمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لبنان سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پاسداری جاری رکھے گا، انہوں نے زور دے کر کہا کہ فلسطینیوں کے لئے انصاف کو یقینی بنائے بغیر تنازعات کا کوئی خاتمہ نہیں ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں مستقل امن کے لیے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہے۔