نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای محفوظ اور ملک کی قیادت کر رہے ہیں: ایرانی سفیر علی بحرینی
جنیوا: (دنیا نیوز) ایران کے جنیوا میں تعینات اقوام متحدہ کے سفیرعلی بحرینی نے کہا ہے کہ ایران جارح قوتوں کے رکنے تک اپنا دفاع جاری رکھے گا۔
ایران کے جنیوا میں تعینات اقوام متحدہ کے سفیرعلی بحرینی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ نئے سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای محفوظ ہیں اور ملک کی قیادت کر رہے ہیں، جو ایران میں استحکام اور تسلسل کی علامت ہے۔
سفیر علی بحرینی نے کہا کہ جنگی صورتحال کے باعث اہم عالمی بحری راستہ آبنائے ہرمز متاثر ہو رہا ہے اور اس سے معمول کی آمدورفت کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے پرامن استعمال کے خلاف نہیں تاہم تہران اس خطے میں امریکا اور اسرائیل کو کسی بھی خطرے کی صورتحال پیدا کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
ایرانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ جنگ ایران نے نہیں بلکہ امریکا اور اسرائیل نے شروع کی ہے۔