مدینہ منورہ میں گرج چمک کے ساتھ ابر رحمت، مسجد نبویﷺ اور گنبدِ خضریٰ پر ایمان افروز مناظر

مدینہ منورہ: (ویب ڈیسک) مدینہ منورہ میں گرج چمک کے ساتھ ابر رحمت ہوئی جس کے باعث مسجد نبویؐ اور گنبدِ خضریٰ پر خوبصورت مناظر نظر آئے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اللہ کی خاص رحمت کا نزول آج مدینہ منورہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں کالی گھٹاؤں نے ڈیرے ڈالے اور گرج چمک کے ساتھ خوب جم کر بارش برسائی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مسجد نبوی شریفﷺ میں بھی بارانِ رحمت خوب دھواں دھار ہوئی جس سے روضۂ اطہرؐ اور گنبدِ خضریٰ پر بارش کے قطرے برس کر روح پرور اور ایمان افروز مناظر پیش کر رہے تھے، بارش کے خوبصورت قطرے جب سبز گنبد پر گرے تو زائرین کی آنکھیں شکرِ الہٰی سے چمک اٹھیں۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں موجود زائرین نے سجدہ شکر بجا لایا اور اللہ تعالیٰ کا خوب شکر ادا کیا کہ اس نے اپنے حبیبﷺ کے شہر کو ایک بار پھر اپنی رحمت سے نوازا، بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم درجہ حرارت میں واضح کمی بھی ریکارڈ کی گئی ہے جس سے سردی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

محکمۂ موسمیات اور مقامی حکام نے مدینہ منورہ آنے والے زائرین سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ گرم کپڑے، جیکٹس اور دیگر ضروری لباس ضرور ساتھ رکھیں تاکہ اچانک سرد موسم سے محفوظ رہ سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں