امریکا نے ایرانی حملوں میں 6 امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کر دی

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کے حملوں میں 6 امریکی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سینٹ کام کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکی افواج نے اُن دو فوجیوں کی باقیات بھی برآمد کر لی ہیں جو پہلے لاپتہ تھے، 2 لاپتہ فوجی ایران کے ابتدائی حملوں کے دوران مارے گئے تھے۔

سینٹ کام کے مطابق امریکی فوجیوں کی باقیات اُس تباہ شدہ تنصیب سے ملی ہیں جسے خطے میں ایران کے ابتدائی حملوں کے دوران نشانہ بنایا گیا تھا، اہم جنگی کارروائیاں جاری ہیں، ہلاک امریکی فوجیوں کی شناخت اہلِ خانہ کو اطلاع دینے کے 24 گھنٹے بعد تک ظاہر نہیں کی جائیں گی۔

ایک بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ نے خلیج عمان میں تمام ایرانی بحری جہازوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ 2 دن پہلے خلیج عمان میں 11 ایرانی جہاز تھے اب صفر ہیں، ایران کے وہ دن گئے جب خلیج عمان میں جہازوں کو ہراساں کیا جاتا تھا۔

سینٹ کام کا مزید کہنا تھا کہ سمندری راستوں کی آزادی نے 80 سال سے زیادہ عرصے تک امریکی اور عالمی اقتصادی خوشحالی کو سہارا دیا ہے، امریکی افواج اس کا دفاع جاری رکھیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں