صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید، شیخ حمدان مشکل وقت میں عوام کے درمیان موجود
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید ال نہیان اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد ال مکتوم نے دبئی مال کا دورہ کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دونوں رہنماؤں کو عوام کے ساتھ مختصر ملاقات کرتے اور ہاتھ لہرا کر جواب دیتے دیکھا گیا، دورے کے دوران معمول کے سکیورٹی انتظامات برقرار رہے۔
عینی شاہدین کے مطابق صدرِ امارات اور ولی عہد دبئی نے مال کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود شہریوں اور رہائشیوں سے مختصر تبادلۂ خیال کیا۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عوام کی بڑی تعداد نے قیادت کی موجودگی کو قریب سے دیکھا جبکہ ماحول معمول کے مطابق رہا، سرکاری سطح پر دورے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دبئی مال شہر کا ایک مرکزی تجارتی مقام ہے جہاں روزانہ بڑی تعداد میں شہری اور سیاح آتے ہیں، قیادت کی عوامی مقامات پر موجودگی ماضی میں بھی مختلف مواقع پر دیکھی گئی جہاں رہنما عوامی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے اور شہریوں سے براہِ راست ملتے رہے ہیں۔
تاحال اس دورے سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم دستیاب ویڈیوز اور تصاویر کے مطابق دورہ مختصر تھا اور معمول کے انتظامی و سکیورٹی پروٹوکول کے تحت مکمل ہوا۔