ہانگ کانگ میں قانون ساز کونسل کیلئے پولنگ مکمل، ووٹوں کی گنتی شروع

ہانگ کانگ: (دنیا نیوز) ہانگ کانگ میں قانون ساز کونسل کیلئے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا جس کے بعد اب ووٹوں کی گنتی کی جا رہی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ہانگ کانگ میں آٹھویں مدت کی قانون ساز کونسل کیلئے ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7:30 بجے سے رات 11 بج کر 30 منٹ تک جاری رہی، ووٹنگ کے عمل میں حصہ لینے والے 41 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کیلئے 600 سے زائد پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

ہانگ کانگ الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹ ڈالنے کی مجموعی شرح 31.43% رہی، 41 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے تقریباً 13 لاکھ ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، ووٹ ڈالنے کی یہ شرح 2021ء میں ریکارڈ کیے گئے 30.2% ٹرن آؤٹ سے زیادہ ہے، تاہم 2016ء کے 52.28% کے مقابلے میں کم رہی۔

ہانگ کانگ کی نئی قانون ساز کونسل 90 ارکان پر مشتمل ہوگی، جن میں 40 ارکان الیکشن کمیٹی، 30 فنکشنل حلقوں اور 20 جغرافیائی حلقوں سے براہِ راست منتخب ہوں گے، اس مرتبہ 161 امیدوار میدان میں ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں