لندن: مسلح ڈاکوؤں کا رولکس کی دکان پر دھاوا، قیمتی گھڑیاں لوٹ کر فرار

لندن (ویب ڈیسک) مسلح ڈاکو مشہور شاپنگ ایریا میں موجود رولکس بوتیک سے دن دیہاڑے قیمتی گھڑیاں لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق منگل کی صبح تقریباً 11 بجے 6 مسلح ڈاکوؤں نے وسطی لندن کے علاقے نائٹس برج میں واقع بوچیرر رولکس بوتیک میں زبردستی گھس کر شہر کو ہلا کر رکھ دیا، موٹر سائیکل ہیلمٹ پہنے ڈاکوؤں نے ایک چوری شدہ موٹر سائیکل دکان کے شیشے توڑنے کے لیے استعمال کی اور اندر داخل ہو گئے۔

ڈاکوؤں دکان کے اندر عملے اور وہاں موجود افراد کو خنجروں سمیت دیگر ہتھیاروں سے دھمکایا اور باہر کھڑی چار موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر فرار ہو گئے، میٹروپولیٹن پولیس کی فلائنگ سکواڈ کی ٹیمیں چند ہی منٹوں میں موقع پر پہنچ گئیں اور ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

ڈیٹیکٹو چیف انسپکٹر سکاٹ میتھر نے بتایا کہ تفتیشی ٹیمیں دکان کے اندر اور باہر نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہیں جبکہ فرانزک ماہرین شواہد اکٹھے کر رہے ہیں تاکہ ملزمان کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس معلومات ہوں تو ریفرنس نمبر 2313/20Jan کے تحت آگاہ کریں۔

موقع سے حاصل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں ٹوٹے ہوئے شیشے کے شو کیسز اور ایک چوری شدہ موٹر سائیکل دکان کے اندر پڑی دیکھی جا سکتی ہے، عینی شاہدین کے مطابق ابتدا میں یہ منظر ایک ٹریفک حادثہ معلوم ہوا، بعد ازاں پتا چلا کہ دکان پر ڈکیتی کی گئی ہے۔

یہ دکان مشہور شاپنگ ایریا میں ہیرڈز سے تقریباً 50 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، ڈاکو کئی قیمتی رولیکس گھڑیاں لوٹ کر لے گئے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

پولیس کی تفتیش جاری ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ دار عناصر کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں