دو ہفتوں میں یو اے ای پر 1797 حملے، 1514 ڈرون اور 268 میزائل تباہ

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے 28 فروری سے 11 مارچ 2026 تک ملک پر ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس عرصے میں مجموعی طور پر 1797 حملے کیے گئے جنہیں فضائی دفاعی نظام نے بڑی حد تک ناکام بنا دیا۔

وزارتِ دفاع کے مطابق اس دوران 268 بیلسٹک میزائل، 15 کروز میزائل اور 1514 ڈرون فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے، جس کے باعث اہم تنصیبات کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔

حکام کے مطابق حملوں کا سلسلہ 28 فروری کو شروع ہوا جب میزائلوں اور ڈرونز کی نئی لہر یو اے ای کی سمت داغی گئی، ابتدائی مرحلے میں دفاعی نظام نے بیشتر خطرات کو ناکام بنایا، تاہم بعض علاقوں میں گرنے والے ملبے سے محدود مادی نقصان کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

سرکاری اپڈیٹس کے مطابق مارچ کے پہلے ہفتے کے دوران بھی وقفے وقفے سے میزائل اور ڈرون حملے جاری رہے جنہیں دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی تباہ کر دیا، ان واقعات کے دوران دو پاکستانیوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 131 زخمی ہوئے۔

وزارتِ دفاع کے تازہ ترین بیان جو 12 مارچ کو جاری کیا گیا، میں بتایا گیا کہ 11 مارچ کو بھی بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے ساتھ ڈرون حملوں کو ناکام بنایا گیا، جس کے بعد مجموعی حملوں کی تعداد 1797 تک پہنچ گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب اتنی بڑی تعداد میں حملوں کے باوجود متحدہ عرب امارات کی قیادت نے امن اور سفارتی کوششوں کو جاری رکھا ہے اور خطے میں کشیدگی بڑھانے کے بجائے صورتحال کو قابو میں رکھنے کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں