پاکستان میں فائیو جی سپیکٹرم نیلامی، مقامی اور عالمی سرمایہ کاری میں تاریخی اضافہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی تقریباً 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ کامیابی سے مکمل ہوگئی، جسے ملکی ٹیلی کمیونیکیشن اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمت عملی کے نتیجے میں پاکستان میں مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، نیلامی میں کامیاب بولی دہندگان میں زونگ (چائنا موبائل)، یوفون (اتصالات) اور جاز (ویون گروپ) شامل ہیں۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے اس موقع پر کہا کہ یہ نیلامی پاکستان میں ٹیلی کام اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی واضح علامت ہے، موجودہ غیر ملکی کمپنیوں کی نئی سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت اور جاری اصلاحاتی عمل پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل پی آئی اے میں 645 ملین ڈالر کی نجکاری بھی مقامی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا اہم عندیہ ہے، پی آئی اے کی نجکاری سے فضائی رابطے مضبوط ہوں گے جبکہ فائیو جی سپیکٹرم نیلامی سے ڈیجیٹل معیشت اور تیز رفتار انٹرنیٹ کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نیلامی میں کامیاب کمپنی جاز (ویون گروپ) نے آئندہ تین سال کے دوران پاکستان میں مزید ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
مشیر وزیر خزانہ کے مطابق مقامی اور عالمی سرمایہ کاری میں تسلسل ملکی معیشت کی بحالی اور طویل المدتی استحکام کی ضمانت ہے، جبکہ پاکستان کی معیشت میں یہ مثبت پیشرفت ایس آئی ایف سی کی مؤثر معاشی پالیسیوں اور اصلاحاتی وژن کا عملی ثمر ہے۔