آنے والے دن ایران کیلئے فیصلہ کن ثابت ہونگے: امریکی وزیر جنگ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ آنے والے دن ایران جنگ کےلیے فیصلہ کُن ہوں گے اور ایران کچھ نہیں کر سکے گا۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ بھرپور طاقت سے ایران کے اندر حملے کر رہے ہیں، ایران کی فضائی حدود میں کارروائیاں کر رہے ہیں، امریکا کے پاس آپشن بہت زیادہ اور ایران کے پاس آپشن محدود ہیں۔
امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایران کی طرف سے کم تعداد میں میزائل فائر کیے گئے ہیں۔
پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ ہفتے کو مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجیوں سے ملاقات کی۔
وزیر جنگ نے کہا کہ ایرانی فوج کو تباہ کردیا گیا ہے، ان کی فوجی قیادت مایوسی کا شکار ہے، ایران کچھ میزائل فائر کرسکتا ہے ہم وہ میزائل گرادیں گے، آئندہ آنے والے دن ایران کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران اگر ڈیل نہیں چاہتا تو امریکا مزید سخت حملے کرے گا، آپریشن اپیک فیوری میں اہداف کا حصول کامیابی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے معاہدے کو قبول نہیں کیا تو طاقت سے حملے کیے جائیں گے، موجودہ ایرانی قیادت کو زیادہ عقلمندی دکھانی ہوگی، ایران کی صلاحیتوں کو کمزور کرنے کےلیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
پیٹ ہیگسیتھ کا مزید کہنا تھا کہ ایران سفارتی راستہ اختیارکرے ورنہ حملوں کا دائرہ کاروسیع کردیا جائےگا، ایرانی آئل ٹرمینلز اور ریفائنریز اب بھی نشانے پر ہیں، ضرورت پڑنے پرامریکی اسپیشل فورسززمینی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔