شام دیرالزور کو عسکریت پسندوں سے خالی کرانے کیلئے پرعزم
پیش قدمی کا منصوبہ بنالیا، پلمائرا میں کامیابی سے شامی فوج کے حوصلے بلند ہوگئے چین نے شام امن مذاکرات میں کردار ادا کرنے کیلئے خصوصی مندوب کا تقرر کر دیا
دمشق ( خبر ایجنسیاں ) شام کی حکومت تاریخی شہر پلمائرا میں داعش کے جنگجوئوں کو شکست دینے کے بعد اب پر عزم ہو کر صوبہ دیرالزور کو بھی عسکریت پسندوں سے خالی کرانے کیلئے عملی اقدامات شروع کرنے والی ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پلمائرا میں کامیابی کے بعد شامی حکومت اور فوج کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں، فوج نے دیرالزور میں پیش قدمی کا منصوبہ بنا لیا ہے ، مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق شامی فوج پلمائرا کو اپنا صدر مقام بنا کر دیرالزور کے علاوہ الرقا کی جانب بھی پیش قدمی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔ واضح رہے کہ داعش نے الرقا کو اپنی خود ساختہ خلافت کا مرکز قرار دیا ہوا ہے ، دوسری جانب چین نے شام امن مذاکرات میں کردار ادا کرنے کیلئے اپنے خصوصی مندوب کا تقرر کر دیا ہے ۔ واضح رہے کہ چین اقوام متحدہ کے مندوب برائے شام اسٹیفن ڈی مستورا کے لائحہ عمل سے اتفاق کا اعلان کر چکا ہے ۔ مبصرین کے مطابق چین نے اپنے سینئر سفارتکار شِی شیا اویان کا تقرر اقوام متحدہ مندوب کے مشورے سے کیا ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ شیا اویان ایتھوپیا اور افریقی یونین میں چین کے سفیر رہ چکے ہیں۔