’’دنیا کا امیر شخص بھی بیوی کو خوش نہیں رکھ سکا ‘‘

’’دنیا کا امیر شخص بھی بیوی کو خوش نہیں رکھ سکا ‘‘

خوشی کا پیسے سے تعلق نہیں،کیا محبت بغیر وجہ ختم ہوسکتی بل گیٹس اور ملینڈا کی طلاق پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملینڈا نے شادی کے 27سال بعد طلاق کا اعلان کردیا،بل گیٹس نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ سے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے طلاق کا اعلان کیا،بیان میں کہاگیاکہ ہمارے نزدیک اب ہم ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہوئے ترقی نہیں کر سکتے ۔بہت زیادہ سوچ بچار اور اپنے رشتے پر بہت زیادہ کام کرنے کے بعد ہم نے اپنی شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔دونوں کی پہلی ملاقات 1980 کے اوآخر میں ہوئی تھی جب ملینڈا نے بل گیٹس کی کمپنی مائیکروسافٹ میں نوکری کا آغاز کیا تھا، ان کے اب تین بچے ہیں،دونوں مشترکہ طور پر فلاحی تنظیم بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا انتظام بھی سنبھالتے ہیں،اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل سامنے آ رہا ہے ،جہاں کچھ افراد ان کے طلاق کے فیصلے سے اداس ہیں وہیں ایسے افراد بھی ہیں جو اس ساری صورتحال پر طنزیہ انداز میں تبصرے کر رہے ہیں،کچھ افراد انھیں مشورے دیتے نظر آ رہے ہیں ،جیسے ایک صارف نے لکھا کیا آپ نے اپنی شادی کو آف کرکے دوبارہ آن کرنے کی کوشش کی ہے ،علی نامی صارف نے لکھا دنیا کا سب سے امیر شخص بھی اپنی بیوی کو خوش نہ رکھ پایا،اس کے جواب میں کئی افراد نے کہا کہ ایک خوش عورت افسانوی بات ہے ، وہیں دیگر افراد کہتے نظر آئے کہ خوشی اور محبت کا پیسے سے کوئی لین دین نہیں،انسان کے دل میں بغیر کسی وجہ کے بھی محبت ختم ہو سکتی ہے ،دیگر افراد کا کہنا ہے کہ طلاق کا فیصلہ ذاتی ہے اور انٹرنیٹ پر موجود ہر صارف کو ان کے رشتے پر تبصرہ کرنے کا کوئی حق نہیں،وہیں ایسے افراد بھی ہیں جو اس صورتحال سے پریشان ہیں اور چاہتے ہیں کہ بل اور ملینڈا گیٹس کی طلاق کا اثر ان کی فاؤنڈیشن پر نہ پڑے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں