ایرانی وافغان فورسز میں جھڑپ،3افراد ہلاک

ایرانی وافغان فورسز میں جھڑپ،3افراد ہلاک

زرنج(دنیا مانیٹرنگ)ایرانی اورافغان فورسز میں شدید سرحدی جھڑپ ہوئی جس سے2ایرانی سرحدی محافظ اور ایک افغان اہلکار ہلاک ہوگئے ،ان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ۔

افغان وزارت داخلہ کے مطابق ہفتے کی صبح ایرانی گارڈز کی جانب سے صوبہ نمروز کے ضلع کنگ میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس سے ایک اہلکار ہلاک ہوا،جس کا افغان فورسز نے موثر جواب دیا۔مقامی افراد کے مطابق ایرانی صوبے بلوچستان سیستان اور افغان صوبہ نمروز کے درمیان سرحدی جھڑپ کافی دیر تک جاری رہی،مقامی افراد کے مطابق یہ جھڑپ ہفتے کی صبح شروع ہوئی تو کئی افراد جان بچانے کے لیے علاقہ چھوڑ کر بھاگ نکلے ۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی کچھ ویڈیوز میں مشین گن سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ایرانی پولیس سربراہ قاسم رضائی نے الزام عائد کیا کہ پہلے طالبان نے بھاری ہتھیاروں کے ساتھ فائرنگ شروع کی۔ایرانی میڈیا کے مطابق فائرنگ سے دو سرحدی محافظ ہلاک اور2شہری زخمی ہوئے ،کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ جھڑپوں کے بعد کابل میں ایرانی سفیر حسن کاظمی نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی جس میں سرحدی امور،پانی کے تنازع سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔یادرہے کہ دونوں ممالک کے مابین دریائے ہلمند کے معاملے پرپانی کا تنازع چل رہاہے ۔

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں