آذربائیجان کانگورنو کاراباخ میں بڑا آپریشن ،آرمینیائی فورسز نے ہتھیار ڈال دیئے
باکو /یریوان(اے ایف پی)آذربائیجان نے علیحدگی پسندفورسز کے ہتھیار ڈالنے کے بعد نگورنو کاراباخ میں انسداد دہشت گردی آپریشن ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
نیوز ایجنسی کے مطابق جنگ بندی کی ڈیل روسی امن فورس کی ثالثی میں ہوئی۔باکو کے مطابق علیحدگی پسند آرمینیا ئی فورسز نے ہتھیار ڈالنے اور انضمام کیلئے بات چیت پر اتفاق کیا۔ علیحدگی پسندوں نے کہاکہ انہوں نے اپنی فورسز مکمل طور پر ختم کرنے اور علاقے سے آرمینیا کے فوجی یونٹوں کے انخلا پر اتفا ق کیا ہے ۔ آذربائیجان کی وزارت دفاع نے کہا کہ ڈیل کے تحت تمام ہتھیار اور بھاری فوجی سازوسامان روسی امن فورس کی نگرانی میں حوالے کیا جائے گا، دونوں فریق نگورنو کاراباخ کے آذربائیجان میں دوبارہ انضمام پربات چیت آج سے یولاخ شہر میں شروع کریں گے ۔ ادھر آرمینیا کے وزیر اعظم نیکول پاشنیان نے ٹی وی خطاب میں کہا کہ یریوان نے کاراباخ جنگ بندی ڈیل میں حصہ نہیں لیا اور محصور علاقے میں آرمینیا کے کوئی فوجی یونٹس نہیں ہیں۔ انہوں نے جنگ بندی ڈیل کو خوش آئند قرار دیا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق آرمینیا نے دعویٰ کیا کہ کاراباخ میں آذربائیجان کی فوجی کارروائی کے دوران شیلنگ سے 200 کے لگ بھگ افراد ہلاک، 400 سے زائد زخمی ہوئے ،ہلاک ہونیوالوں میں 2 بچوں سمیت سات شہری شامل ہیں۔ادھر آرمینیا کے دارالحکومت یریوان میں مشتعل مظاہرین کی پولیس کیساتھ جھڑپیں ہوئیں، مظاہرین وزیر اعظم نیکول پاشنیان سے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ آرمینیا کی وزارت صحت کے مطابق جھڑپوں میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ۔