سعودی عرب سمیت 6، 7مسلم ملک ہمیں تسلیم کرینگے :اسرائیلی وزیر خارجہ
مقبوضہ بیت المقدس(نیوز ایجنسیاں)اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن نے انکشاف کیا ہے کہ سعود ی عرب کے بعد 6 سے 7 مسلم ملک اسرائیل کو تسلیم کرینگے ۔ایک انٹرویو میں اسرائیلی وزیرخارجہ نے کہاکہ سعودی عرب کے بعد اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے والے چھ یا سات ممالک کا تعلق ایشیا اور افریقہ سے ہوگا۔
ایلی کوہن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم کی یہ بات انتہائی اہم ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ امن کا مطلب مسلم دنیا اور یہودیوں کے درمیان امن ہے ۔ایلی کوہن نے کہا کہ انہوں نے کئی ایسے مسلم ممالک کے اہلکاروں سے ملاقات کی ہے جن کے ممالک اور اسرائیل کے درمیان کوئی رسمی تعلق نہیں۔دوسری جانب اسرائیل کا کہنا تھا کہ وہ سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی شاہ، سعودی حکومت اور عوام کو مخلصانہ مبارک باد پیش کرتا ہے ۔اسرائیلی وزارت خارجہ نے خواہش ظاہر کی کہ اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان امن، تعاون اور اچھی ہمسا ئیگی کا ماحول قائم ہو۔