نیپال میں 6.3 شدت سے زلزلہ 17 افراد زخمی ، بھارت میں بھی جھٹکے
نئی دہلی(نیوز ایجنسیاں) نیپال 6.3کی شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا، اثرات بھارت کے شمالی علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے ۔
نیپال کے زلزلہ مانیٹرنگ سنٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز بھارتی سرحد کے قریب واقع ضلع باجھانگ تھا، زلزلے کے پہلے 2 جھٹکے دوپہر ڈھائی بجے کے قریب محسوس کئے گئے جن کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.3 اور 6.3 ریکارڈ کی گئی، گہرائی 10 کلو میٹر تھی، کم شدت کے زلزلے کے دیگر جھٹکے 3 بجکر چھ منٹ اور تین بجکر 19 منٹ پر محسوس کئے گئے ، زلزلے سے ضلع باجھانگ میں مکانات کی چھتیں گرنے سے 11 خواتین سمیت 17 افراد زخمی ہوئے ، باجھانگ کو دیگر شہروں سے ملانے والی شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو گئی۔ ادھر بھارت کے زلزلے پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے نئی دہلی سمیت شمالی بھارت میں محسوس کئے گئے ، بھارت میں زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی۔