بھارت کا کینیڈا کے 41سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم

بھارت کا کینیڈا کے 41سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم

نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں) بھارت اور کینیڈا کے مابین سفارتی کشیدگی مزید بڑھ گئی، بھارت نے کینیڈا کے 41 سفارتکار کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیدیا۔

برطانوی اخبار کے مطابق بھارت نے دھمکی دی ہے کہ 10 اکتوبر کی ڈیڈلائن تک واپس نہ بلانے پر کینیڈین سفارتکاروں کا سفارتی استثنیٰ ختم کردے گا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک میں بڑھتی سفارتی کشیدگی کے باعث بھارت نے کینیڈا کو اپنا سفارتی عملہ ایک تہائی تک کم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔بھارت میں اس وقت کینیڈا کے 62 سفیر تعینات ہیں۔ یاد رہے کہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی خفیہ اداروں کے مبینہ کردار کے الزام کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کہہ چکے ہیں کہ کینیڈا میں مقیم سکھوں کا بھارتی سفارتی عملہ کے خلاف جارحانہ رویہ نئی دہلی کیلئے باعث تشویش ہے ۔ دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ہم بھارت کیساتھ تنازع بڑھانے کا خواہاں نہیں ، نئی دہلی سے تعمیری بات چیت جاری رکھیں گے ۔ اوٹاوا میں صحافیوں سے گفتگو میں 41 کینیڈین سفارت کار نئی دہلی سے واپس بلانے سے متعلق برطانوی اخبار کی رپورٹ کی تصدیق سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں کینیڈین خاندانوں کی مدد کیلئے نئی دہلی میں موجود رہیں گے ۔

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں