نائیجیریا:فوج کی غلطی سے ڈرون حملہ ،85جاں بحق

نائیجیریا:فوج کی غلطی سے ڈرون حملہ ،85جاں بحق

لاگوس،اسلام آباد(اے ایف پی، دنیانیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)نائیجیریا کی فوج نے ریاست کادونا میں ایک ڈرون حملے کے دوران 85 شہریوں کی ہلاکت کا اعتراف کر لیا۔

 نائیجیریا کی فوج کے مطابق اتوار کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران ڈرون طیاروں کا ہدف جنگجوؤں کے ٹھکانے تھے مگر غلطی سے ان میں ایک ڈرون کا نشانہ مقامی گاؤں کے مسلم مکین بن گئے جوکہ میلاد کی تقریب میں شریک تھے ، واقعہ میں ایک ہی خاندان کے 34 افراد بھی مارے گئے ۔نائیجیریا کے آرمی چیف علاقے کا دورہ کرکے مقامی افراد کے واقعہ پرمعافی مانگ لی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق فوج کے اعتراف کے بعد نائیجیریا کے صدر بولا احمد ٹینوبو نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔مقامی لوگوں کے مطابق ہلاک ہونیوالوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے ۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نائیجیریا نے دعویٰ کیا کہ حملے میں 120 افراد جاں بحق ہوئے تاہم نائیجیریا کی نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ اب تک 85 لاشیں دفنائی جا چکی ہیں، 66 زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں، واقعہ کی وجہ سے علاقے میں سخت کشیدگی کا ماحول ہے جس میں کمی کیلئے حکام کی مقامی رہنماؤں کیساتھ بات چیت جاری ہے ۔فوج کے ترجمان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی انکوائری کی جائے گی۔ ترجمان نے آئندہ ایسا کوئی واقعہ نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ یاد رہے کہ فروری 2014 میں بھی نائیجیریا کے ایک فوجی طیارے نے بورنو ریاست میں بم گرا دیا تھا جس میں 20 شہری ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ستمبر 2022 میں غلطی سے کئے گئے بم دھماکوں کے کم از کم 14 واقعات رونما ہوئے تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں