ترکیہ:صومالیہ صدر کے مفرور بیٹے کے انٹرنیشنل وارنٹ گرفتاری جاری

ترکیہ:صومالیہ صدر کے مفرور بیٹے  کے انٹرنیشنل وارنٹ گرفتاری جاری

استنبول (اے ایف پی) ترکیہ کے پراسیکیوٹرز نے صومالیہ کے صدر کے مفرور بیٹے کی گرفتاری کیلئے انٹرنیشنل وارنٹ جاری کر دیئے ۔

پولیس رپورٹ کے مطابق صومالی صدر کے بیٹے محمد حسن شیخ محمود نے استنبول میں دن دہاڑے ایک موٹرسائیکل سوار کوریئر کو ٹکر ماری جس میں کوریئر کی موت ہو گئی، واقعہ کے وقت محمد حسن شیخ محمود صومالی قونصلیٹ کی گاڑی چلا رہے تھے ۔ ترکیہ کے حکام نے جب صومالی صدر کے بیٹے پر سفری پابندیاں لگائیں ، وہ پہلے ہی ملک سے فرار ہو چکے تھے ۔استنبول کے میئر نے سوشل میڈیا پر 30 نومبر کے واقعہ کی فوٹیج شیئر کی، جس میں ایک مصروف سڑک پر ایک کار کو موٹرسائیکل کو پیچھے سے ٹکر مارتے دیکھا جا سکتا ہے ، متوفی موٹرسائیکل سوار کی موت زخموں کے باعث چھ روز بعد ہسپتال میں ہوئی۔متوفی کے وکیل نے بتایا کہ پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق غلطی موٹرسائیکل سوار کی تھی، اس لئے صومالی صدر کے بیٹے کو چھوڑ دیا گیا،مگر سکیورٹی فوٹیج کے جائزے سے لگاکہ واقعہ کی حقیقت برعکس ہو سکتی ہے ، اس پر پراسیکیوٹر نے جمعے کو صومالی صدر کے بیٹے کے انٹرنیشنل وارنٹ گرفتاری جاری کئے ، مگر جب پولیس ان کی رہائشگاہ پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ وہ ایک ہفتہ پہلے ملک چھوڑ گئے تھے ۔ صدر طیب اردوان کے سیاسی مخالف میئر استنبول نے الزام لگایا کہ حکام نے صومالی صدر کے بیٹے کو فرار ہونے کی اجازت دی، وہ اپنے شہریوں کے حقوق کے دفاع کی اہل نہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں