حملے سے مضبوط اسرائیلی دفاع کے تصور کو توڑ دیا، ایرانی صدر

حملے سے مضبوط اسرائیلی دفاع کے تصور کو توڑ دیا، ایرانی صدر

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے سالانہ فوجی دن کے موقع پر تہران میں بڑی فوجی پریڈ ہوئی، اس موقع پر جدید ڈرونز اور میزائلوں کی نمائش کی گئی۔سالانہ فوجی پریڈ سے خطاب میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف حملے سے ایرانی فوج کی قوت کا مظاہرہ ہوا۔۔

ایرانی حملے نے اسرائیل کے مضبوط سمجھے جانے والے تصور کو توڑ دیا۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ حماس اور ایران کے حملوں نے صہیونی حکومت کے ناقابل تسخیر حصار کو چکنا چور کر دیا، 7 اکتوبر اور 13 اپریل کے حملوں نے ثابت کردیا کہ صہیونی حکومت اور اس کے حامیوں کی طاقت مکڑی کے جالے کے مترادف ہے ۔اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کی کوشش کرنے والے مسلم ممالک کو شرمندگی کا سامنا ہوا۔دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے تل ابیب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واضح ہے کہ اسرائیل نے ایرانی ڈرون اور بیلسٹک میزائل حملے کا جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ۔علاوہ ازیں سکیورٹی خدشات کے باعث امریکا ، کینیڈا، برطانیہ،ڈنمارک،آسٹریلیا، بھارت کی بین الاقوامی ہوائی کمپنیوں کی اسرائیل کے لیے پروازیں معطل یا ملتوی کی جا رہی ہیں۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کے اعلیٰ نمائندے جوزپ بوریل نے کہا ہے کہ ایران پر پابندیاں بڑھانے پرغور کر رہے ہیں ۔ادھرامریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے کہا کہ جلد ایران پر نئی پابندیاں عائد کی جائیں گی جن میں اس کے میزائل اور ڈرون پروگرام کے ساتھ ساتھ پاسداران انقلاب اور ایرانی وزارت دفاع کی معاونت کرنے والے اداروں کے خلاف نئی پابندیاں بھی شامل ہیں۔ چینی وزیر خارجہ نے ایرانی و سعودی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی میں تحمل سے کام لینے کا عالمی دباؤ مسترد کر دیا۔اسرائیلی کابینہ سے خطاب میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ برطانوی اور جرمن وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں میں واضح کر دیا کہ دوستوں کی قابل قدر تجاویز اپنی جگہ لیکن اسرائیل اپنے فیصلے خود کرے گا۔ اپنے دفاع کیلئے جو ضروری ہوگا وہ کریں گے ۔ادھر امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا اسرائیل اور یوکرین کیلئے امدادی پیکج کی بھرپور حمایت کرتا ہوں۔میں اس پر فوری طور پر دستخط کروں گا، ہم اپنے دوستوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ایران یا روس کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں