غزہ :الشفاہسپتال، اجتماعی قبر سے مزید 49لاشیں برآمد

غزہ :الشفاہسپتال، اجتماعی قبر سے مزید 49لاشیں برآمد

غزہ(اے ایف پی )غزہ کے الشفاہسپتال میں اجتماعی قبر سے مزید 49 لاشیں برآمد،تعداد 520ہو گئی ،الشفا کے شعبہ ایمرجنسی کے سربراہ معتصم نے بتایا کہ ہسپتال کے اندر سے تیسری اجتماعی قبر ملی ہے ۔

ہسپتال کے اندر اور احاطے میں بھی کئی لاشیں پڑی تھیں۔

فوٹیج میں ایک درجن لاشیں سیاہ پلاسٹک کے باڈی بیگز میں لپٹی ہوئی دکھائی گئی ہیں ۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 55 افراد شہید ، 200زخمی ہو گئے ۔وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر2023سے جاری جنگ میں ابتک 34 ہزار 844 فلسطینی شہید ، 78 ہزار 404 زخمی ہوچکے ۔رفح میں اسرائیلی فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 7افراد شہید، متعدد زخمی ہو گئے ۔اسرائیلی فوج نے فضائی حملے میں حماس کی بحریہ یونٹ کے کمانڈرمحمد احمد علی کو شہید کرنیکا دعویٰ کیا ہے ، علی کی شہادت کے بارے میں حماس نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ کریم شالوم کراسنگ کو بدھ کے روز ایک بار پھر راکٹ سے نشانہ بنایا گیا جس میں ایک فوجی زخمی ہوا۔ گزشتہ روز لبنان پر اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے دو کارکنوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ۔ادھر،برطانیہ ، یورپ اور امریکا سمیت دنیا بھر کی کئی یونیورسٹیوں میں اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجا ج جاری ہے ۔امریکی پولیس نے جارج واشنگٹن یونیورسٹی میں مظاہرین کے کیمپ کو اکھاڑ دیا،40سے زائد طلبا کو گرفتار کر لیا گیا،مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے کالی مرچوں کا سپرے کیا گیا۔فرانسیسی پولیس نے سوربون یونیورسٹی میں فلسطینیوں کے حامی طلباکو منتشر کرنے کیلئے آپریشن کے دوران 86 طلبا کو حراست میں لے لیا۔القاہرہ نیوز کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی شرائط پر اتفاق کیلئے گزشتہ روز قاہرہ میں دوبارہ مذاکرات ہوئے ۔ اسرائیل نے کہا کہ اس نے انسانی امداد کیلئے کریم شالوم سرحدی گزر گاہ کو دوبارہ کھول دیا۔ امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس نے غزہ میں امدادی سامان کیلئے عارضی بندر گاہ کی تعمیر مکمل کر لی ۔لبنانی حکام کے مطابق سات ماہ کے دوران جنوبی لبنان پر اسرائیلی بمباری سے 1ارب50کروڑ ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے ۔

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں