اسرائیل پر 200 راکٹ فائر، جنگ بندی پر مذاکرات

 اسرائیل پر 200 راکٹ فائر، جنگ بندی پر مذاکرات

غزہ، یروشلم(اے ایف پی،رائٹرز)حزب اللہ نے گزشتہ روز اسرائیلی فوجی اہداف پر 200 راکٹ داغے اور ڈرون حملے کئے، حزب اللہ کا کہنا ہے کہ یہ حملے سینئر کمانڈر محمد نعمہ ناصر کی شہادت کے جواب میں کیے گئے۔

دوسری جانب امریکی صدر بائیڈن نے نیتن یاہو کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمال افراد کی رہائی کے معاملے پر بات چیت کیلئے اسرائیلی وفد بھیجنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ ادھر نیتن یاہو نے جمعرات کو رات گئے سکیورٹی کابینہ کا اجلاس بلایا جس میں غزہ تنازع کے خاتمے کیلئے حماس کی طرف سے قطری ثالثوں کے ذریعے بھیجی گئی تجاویز پر غور کیا گیا،اجلاس میں مذاکرات کیلئے ایک وفد بھیجنے پر رضامندی کا اظہار کیا گیا۔اے ایف پی کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیا جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات کیلئے قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے۔

ادھر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی بمباری، گولہ باری اور فائرنگ سے 58 افراد شہید، سینکڑوں زخمی ہو گئے ،وزارت صحت کے مطابق صیہونی حملوں میں ابتک کم ازکم 38 ہزار 11 فلسطینی شہید، 87 ہزار 445 زخمی ہوچکے۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز فلسطینی حامی مظاہرین نے آسٹریلیا کی پارلیمنٹ کی چھت پر چڑھ کر احتجاج کیا اور بینرز لہرا دئیے۔ اس موقع پر مظاہرین نے ‘فلسطین آزاد ہو گا’ کے نعرے لگائے اور اسرائیل پر جنگی جرائم کا الزام عائد کیا۔ادھر آسٹریلوی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ مظاہرہ کرنیوالے تین مردوں اور ایک عورت کو گرفتار کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے غزہ کے 10 میں سے 9 افراد بے گھر ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں