غزہ پر زمین ،سمندر ،فضا سے اسرائیلی حملے ،80افراد شہید

غزہ پر زمین ،سمندر ،فضا سے اسرائیلی حملے ،80افراد شہید

غزہ(اے ایف پی،رائٹرز )اسرائیل کے غزہ پرزمینی، سمندری اور فضائی حملے ،مزید 80افراد شہید،210 ہو گئے ۔

صیہونی فوج نے غزہ شہر میں تل الحوا، شیخ عجلین اور الصابرہ کے محلوں پر گولوں کی بارش کر دی ، المغرقا اور وسطی نصیرات مہاجر کیمپ کے شمالی علاقوں پر بھی  گولہ باری کی گئی ۔ المغازی کیمپ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں تین بچوں سمیت پانچ افراد شہید ،خان یونس کے مشرق میں اسرائیلی بندوق برداروں کی فائرنگ سے متعدد افراد جاں بحق ہو گئے ، رفح کے مغربی علاقوں پر اپاچی ہیلی کاپٹر ز سے حملہ کیا گیا۔ وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں شہدا کی مجموعی تعداد 38 ہزار 664 ہوگئی ہے جبکہ 89 ہزار 97 فلسطینی زخمی ہو چکے ۔برطانوی پولیس نے پیر کے روز وسطی لندن میں جنگی یادگار پر احتجاج کے بعد دو فلسطینی حامی خواتین مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔برطانوی وزیر خارجہ نے نیتن یاہوسے ملاقات کے دوران غزہ میں فوری جنگ بندی کامطالبہ کیا ہے ۔ ڈیوڈ لیمی نے گزشتہ روز اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کے ساتھ بھی ملاقات کی ،اس دوران انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم جلد ہی جنگ بندی دیکھیں گے ۔فلسطینی حکام نے کہا ہے کہ رواں ماہ 20اور 21جولائی کو حماس اور الفتح کے رہنما بیجنگ میں ملاقات کرینگے ،حماس وفد کی قیادت سیاسی امور کے سربراہ اسماعیل ہنیہ جبکہ الفتح کی نمائندگی نائب سربراہ محمود الول کرینگے ، ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر غور کیا جائیگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں