اسرائیلی پارلیمنٹ میں فلسطینی ریاست کے قیام کیخلاف قرارداد

اسرائیلی پارلیمنٹ میں فلسطینی ریاست کے قیام کیخلاف قرارداد

یرو شلم،غزہ(اے ایف پی،رائٹرز)اسرائیلی پارلیمنٹ کینسیٹ نے فلسطینی ریاست کے قیام کو مسترد کردیا، پارلیمنٹ میں فلسطینی ریاست کے قیام کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق پہلی بار پارلیمنٹ نے ایسی قرارداد منظور کی ہے ۔فلسطینی ریاست کے قیام کے خلاف 68 اراکین پارلیمنٹ نے ووٹ دیا جبکہ 9 اراکین نے قرار داد کی مخالفت کی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق قرارداد سے اسرائیلی اور عرب ممالک میں امن کیلئے سفارتی کوششوں کا دھچکا لگا ہے ۔دوسری جانب گزشتہ 24گھنٹوں میں غزہ پر صیہونی بمباری ،گولہ باری ،فائرنگ سے مزید 54افراد شہیدجبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔وزرات صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں ابتک 38ہزار848فلسطینی شہید اور 89ہزار 459زخمی ہو چکے ہیں۔ادھر لبنان میں ایک گاڑی پر اسرائیلی بمباری میں جماعت اسلامیہ کے کمانڈر محمد حامد جبارہ مارے گئے ۔علاوہ ازیں غزہ میں ناکارہ سیوریج اور جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے باعث مکھیوں اور مچھروں کی بہتات ہو گئی ہے جہاں سینکڑوں افراد مختلف بیماریوں کا شکار ہو گئے ہیں ، 45 سالہ ابو شر نے کہا کہ ہم سخت تکلیف میں ہیں، رات کو سیوریج کی بدبو کی وجہ سے نہیں سو سکتے ۔ بچے کچرے سے پھیلنے والی بیمار یوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔ اقوام متحدہ کے اداروں کا کہنا ہے جنگ سے متاثرہ غزہ میں خارش، چکن پاکس، جلد کے دانے اور جوئیں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں