پولیو ویکسی نیشن:اسرائیل غزہ حملوں میں 3روز کے وقفے پر راضی

پولیو ویکسی نیشن:اسرائیل غزہ حملوں میں 3روز کے وقفے پر راضی

غزہ ،یروشلم(اے ایف پی ،رائٹرز)عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل پولیو ویکسی نیشن مہم کیلئے غزہ حملوں میں 3 روز کے وقفے پر راضی ہوگیا ہے ۔

صبح 6 سے سہ پہر 3 بجے تک حملوں میں وقفہ ہو گا۔ ویکسی نیشن مہم یکم ستمبر سے شروع کی جائے گی۔واضح رہے غزہ میں پچیس سال بعد پہلا پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے ۔اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کے 6 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ بچوں کو پولیو ویکسی نیشن کی ضرورت ہے ۔ادھر اسرائیلی طیاروں کی خان یونس، غزہ شہر ، رفح اور مغربی کنارے میں وحشیانہ بمباری ،90 سے زائد فلسطینی شہید، 200سے زائد زخمی ہو گئے ۔24گھنٹے میں اسرائیلی حملوں میں غزہ میں 70،مغربی کنارے میں20افراد جان سے  گئے ۔مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کا وحشیانہ آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔اسلامی جہاد گروپ کا کہنا تھا مغربی کنارے میں اسرائیلی چھاپوں کے دوران القدس تلکرم بریگیڈ کے کمانڈر ابو شجاع اپنے کئی بھائیوں کے ساتھ شہید ہو گئے ۔دوسری جانب اسرائیل نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ۔ حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مقبوضہ گولان میں اسرائیلی فوجی بیرکوں کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا۔دریں اثنا یرغمالیوں کے اہلخانہ نے مظاہرے کے دوران غزہ سرحد پر لگی باڑ عبور کرلی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کی حکومت ان کے بچوں کو نہیں بچا رہی تو اب وہ خود بچائیں گے ۔ اس موقع پر یرغمالیوں کے کئی رشتہ دار روتے رہے ۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا کہ وہ بلاک کے 27 رکن ممالک پر زور دیں گے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف نفرت کو ہوا دینے کے الزام میں اسرائیلی وزراپر پابندیوں کی حمایت کریں۔غزہ کی وزارت صحت کا کہنا تھا اسرائیلی حملوں میں اب تک کم ازکم 40ہزار602فلسطینی شہید،93ہزار855زخمی ہو چکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں